حیدرآباد، 21/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) ریاستی وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے ریاست بھر میں شدید بارش اوراشورا پیٹ میں پروجیکٹ میں شگاف کے بعد تمام چیف انجینئرس کو ہدایت دی کہ وہ تالابوں اور آبپاشی پروجیکٹس کی سطح آب پر نظر رکھیں، سطح آب مکمل ہونے پر ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹس پولیس کے مشورہ سے پانی کااخراج کریں۔
جانی ومالی نقصان کے بغیر ہنگامی حالات سے نمٹا جائے اور نشیبی علاقوں کے متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس قائم کریں۔
انہوں نے تمام فیلڈ انجینئرس، سپرنٹنڈنٹ انجینئرس،ایگزیکٹیو انجینئرس، ودیگر عہدیداروں کو 24گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت دی۔
کسی بھی ہنگامی حالات کی صورت میں فوری انجینئر انچیف اور سکریٹری کو واٹس ایپ، فون کالس پر مطلع کریں اور سیول اور پولیس عہدیداروں سے رابطہ میں رہیں۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب جیسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں اور قبل از وقت اجازت حاصل کئے بغیر ضلع سے باہر نہ جائیں اور ضلع میں قیام کرتے ہوئے حالات پر نظر رکھیں۔